ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رائچور کے لنگسگور میں جمعیۃ العلما ہند لنگسگور یونٹ کی جانب سےمفت ہیلتھ چیک آپ کیمپ کا شاندار انعقاد؛ 800 مریضوں نے کیا استفادہ

رائچور کے لنگسگور میں جمعیۃ العلما ہند لنگسگور یونٹ کی جانب سےمفت ہیلتھ چیک آپ کیمپ کا شاندار انعقاد؛ 800 مریضوں نے کیا استفادہ

Mon, 06 Feb 2017 00:15:06    S.O. News Service

بھٹکل5/ فروری (ایس او نیوز) ضلع رائچور کےلنگسگور میں جمعیۃ العلمائ ہند لنگسگورکے زیراہتمام اور بنگلور کی میڈی ہوپ کی زیرنگرانی آج اتوار کوایک مفت ہیلتھ چیک آپ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کم وبیش آٹھ سو مریضوں نے استفادہ کیا۔ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ برادران وطن کے کئی مریض کیمپ میں شریک ہوئے، جن کی جانچ کے لئے  میڈی ہوپ بنگلور کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم موجود تھی۔ صبح 9:30 بجے سے شام تک امراض قلب اور گردے کی تکلیف کے مریضوں نے مفت میں اپنی جانچ کرائی اور  ڈاکٹروں نے مریضوں کی مکمل جانچ کے بعد علاج تجویز کیا۔ ذمہ داران نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مشورہ پر کیمپ میں شریک کچھ مریضوں کو زائد علاج کے لئے بنگلور میڈی ہوپ میں جانے کا  مشورہ دیا گیا۔جہاں مختلف سرکاری اسکیمات کے تحت اُن کا مفت علاج نیز مفت  آپریشن وغیرہ بھی کئے جانے کا نظم کیا گیا  ہے۔

مولانا سید ابوسعید قاسمی کی تلاوت کلام پاک سے کیمپ کا اغاز ہوا، جس کے بعد حضور اکرم ﷺ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا گیا۔ تعلقہ لنگسگورکے جمعیۃ العلما الہند کے جنرل سکریٹری مفتی محمد یونس قاسمی نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ ضلع رائچور کے جمیعۃ العلما کے صدر مفتی سید حسن ذیشان قاسمی نے پروگرام کی صدارت کی۔ اس موقع پر تنظیم المسلمین کمیٹی لنگسگور کے نائب صدر جناب لعل احمد صاحب اورڈاکٹر کڑداللی مہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما تھے۔

کیمپ کے کامیاب انعقاد کے بعد اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیۃ العلما رائچور کے ضلعی صدر مفتی سید حسن ذیشان قاسمی نے بتایا کہ آج کا کیمپ سبھی لوگوں کے لئے تھا، جس میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلمانوں نے بھی کثیر تعداد میں استفادہ کیا۔ اس کیمپ کا اصل مقصد انسانیت کا جوڑ تھا، ہر مذہب ، ملت اور مسلک کے لوگوں کا ملاپ تھا، ہم چاہتے ہیں کہ انسانیت کی خدمت کی جائے، تمام مذاہت کے لوگوں کے درمیان بھائی چارگی بڑھائی جائے، ایک دوسرے کے ساتھ آپسی محبت بڑھائی جائے اور آپس میں اتحاد اور اتفاق قائم رہے۔


Share: